اسلام آباد (آئی پی ایس) وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ان بے لوث کارکنان کا واحد جرم یہ تھا کہ وہ بے کس اور مظلوم فلسطینی عوام کے لیے امداد لے جا رہے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرجاری اپنے بیان میں شہبازشریف نےکہا کہ فلوٹیلا میں چوالیس ممالک کے ساڑھےچار سو سے زائد امدادی کارکن سوار تھےجنہیں اسرائیلی افواج نے غیرقانونی طور پر حراست میں لے لیا ہے۔
پاکستان صمود غزہ فلوٹیلا پر اسرائیلی افواج کےبزدلانہ حملے کی شدید ترین مذمت کرتا ہے اور تمام کارکنان کی فوری اور غیر مشروط رہائی اور فلسطینیوں تک امداد کی بلا تعطل ترسیل کا مطالبہ کرتا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کو فوری طور پر روکنا اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنانا وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔
اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا بول دیا، عملے کے ارکان کو حراست میں لے لیا گیا
خیال رہے کہ اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا بول دیا ہے،اورگلوبل صمود فلوٹیلا کے عملے کے ارکان کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔
گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل جہازوں کی کئی لائیو فیڈز بند ہو گئی، کئی فلوٹیلا جہازوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔