Saturday, October 4, 2025
ہومپنجابحسن ابدال: ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، سرکاری زمین واگزار

حسن ابدال: ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی، سرکاری زمین واگزار

حسن ابدال : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت صوبے بھر میں جاری عوامی ریلیف اور شہری سہولتوں کے اقدامات کے سلسلے میں تحصیل حسن ابدال میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔

کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال میڈم اقصیٰ صاحبہ کی خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تحصیلدار چودھری شفقت محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر بڑی کارروائی کی۔ اس دوران ایک معروف پٹرول پمپ کی جانب سے سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کر کے تعمیر کی گئی باؤنڈری وال کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا۔

آپریشن میں میونسپل کمیٹی عملہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکار شریک تھے جنہوں نے موقع پر بھرپور کارروائی کر کے ناجائز تعمیرات کو ختم کر دیا۔

تحصیلدار چودھری شفقت محمود نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے واضح احکامات ہیں کہ صوبے کے کسی بھی حصے میں ناجائز تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی راستوں، سڑکوں اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ چودھری شفقت محمود نے مزید کہا کہ ’’تحصیل فتح جنگ کو ماڈل تحصیل بنایا جا چکا ہے اور اب ہم حسن ابدال سمیت اٹک کی تمام تحصیلوں کو پنجاب کی ماڈل تحصیلوں کے طور پر ڈویلپ کریں گے جہاں شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تجاوزات اور قبضہ مافیا کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

‘‘اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ روزمرہ زندگی کے مسائل بھی کم ہوں گے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی انتظامیہ کے عزم اور قانون کی بالادستی کی عکاس ہے۔ عوامی حلقوں نے توقع ظاہر کی کہ ایسے آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ علاقے کو صاف ستھرا اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔