Sunday, October 5, 2025
ہومبریکنگ نیوزایٹم بم بنانے کی کبھی کوشش کی اور نہ کریں گے، ایرانی صدر

ایٹم بم بنانے کی کبھی کوشش کی اور نہ کریں گے، ایرانی صدر

نیویارک (سب نیوز )ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران نے کبھی ایٹم بم بنانے کی کوشش نہیں کی اور نہ کبھی کرے گا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے اپنے ملک اور خطے کے دیگر ممالک پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے پچھلے دو برسوں میں غزہ میں نسل کشی، لبنان میں گھروں کی تباہی اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کی بار بار خلاف ورزی دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے شام میں انفرا اسٹرکچر کی تباہی، یمن کے عوام پر حملے، ماں کی گود میں بچوں کو زبردستی بھوکا رکھنا اور ایران کے سائنس دانوں کی شہادت دیکھی۔ایرانی صدر نے جون میں اسرائیل اور امریکا کی طرف سے ایران پر کیے گئے حملوں پر بات کرتے ہوئے ان حملوں کو بین الاقوامی قانون کے بنیادی ترین اصولوں کی کھلی خلاف ورزی میں وحشیانہ جارحیت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب ہم سفارتی مذاکرات کے راستے پر گامزن تھے انہوں نے اقوام عالم سے سوال کیا کہ کیا آپ خود اپنے لیے ایسے اقدامات کو برداشت کریں گے؟

مسعود پزشکیان نے یورپی ممالک کی ان کوششوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جن کے تحت ایران کے ایٹمی پروگرام پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ لگانے کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے گزشتہ ماہ سلامتی کونسل میں ووٹ دیا تھا کہ ایران نے 2015 کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس کے تحت اس کے ایٹمی پروگرام پر قدغنیں لگائی گئی تھیں۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایسا کر کے انہوں نے نیک نیتی کو ایک طرف رکھ دیا، انہوں نے قانونی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کی۔

انہوں نے امریکا کے جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) سے نکلنے اور یورپ کی خلاف ورزیوں اور کمزوری کے جواب میں ایران کے قانونی اقدامات کو بڑے جرم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی۔مسعود پزشکیان نے ایران کے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہمیں اس اسمبلی کے سامنے ایک بار پھر اعلان کرتا ہوں کہ ایران نے کبھی ایٹمی بم بنانے کی کوشش نہیں کی اور نہ کبھی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم بارہا یہ ثابت کر چکی ہے کہ وہ جارحین کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی۔ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ان کا ملک ایمان کی طاقت اور قومی یکجہتی پر انحصار کرتے ہوئے سربلند کھڑا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔