اسلام آباد (آئی پی ایس )وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ججز کو سکیورٹی دینے کے احکامات جاری کر دیے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق سپریم کورٹ کے ہر ریٹائرڈ جج کو 3 پولیس اہلکار 24 گھنٹے سکیورٹی کے لیے دیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ 5 ستمبر کو سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے چیف جسٹس پاکستان کی منظوری سے وزارت داخلہ کو ریٹائرڈ ججز کی سکیورٹی کے حوالے سے باضابطہ خط ارسال کیا تھا۔
خط میں کہا گیا کہ ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ہر ریٹائرڈ جج کو 3 پولیس اہلکاروں پر مشتمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔خط میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ جو ججز انتقال کر چکے ہیں ان کی بیواں کو بھی 3 پولیس اہلکاروں کی سکیورٹی مہیا کی جائے تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔تاہم 17 ستمبر کو دوسرے مراسلے میں رجسٹرار سپریم کورٹ نے ججز کی بیواں کو سکیورٹی دینے کی ہدایات واپس لے لی تھیں۔