Sunday, October 5, 2025
ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد : جنگلی سور کو پکڑ کر گاڑی میں لے جانے کے الزام میں نامعلوم چینی شہری کے خلاف ایف آئی آر درج

اسلام آباد : جنگلی سور کو پکڑ کر گاڑی میں لے جانے کے الزام میں نامعلوم چینی شہری کے خلاف ایف آئی آر درج

اسلام آباد (سب نیوز )اسلام آباد پولیس نے سیکٹر ای سیون میں جنگلی سور کو پکڑ کر گاڑی میں لے جانے کے الزام میں نامعلوم چینی شہری کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔یہ مقدمہ وائلڈ لائف مینجمنٹ ایکٹ 2024 کی سیکشن 16 کے تحت درج کیا گیا ہے، جو جنگلی جانوروں کے غیر قانونی شکار اور انہیں نجی قید میں رکھنے پر پابندی عائد کرتا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب حالیہ دنوں میں اسلام آباد کی مارگلہ ہلز سے ملحقہ سیکٹرز سے ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی شہری جنگلی سور سمیت دیگر جانوروں جیسے کتے اور بندر کو گاڑیوں میں ڈال کر لے جا رہے ہیں۔مدعیہ کی درخواست پر پولیس نے وائلڈ لائف ایکٹ کی سیکشن 16 کے تحت مقدمہ درج کر لیا، جس میں دو کرولا گاڑیوں کا بھی ذکر ہے۔مقدمے میں نامعلوم چینی شہری کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر میں یہ بھی درج ہے کہ ویڈیو بطور ثبوت پولیس کو فراہم کی جائے گی۔

مقدمے میں مدعیہ عائشہ خان نے پولیس کو بتایا کہ 20 ستمبر کو صبح تقریبا 10 بجے انہوں نے سیکٹر ای-سیون میں دو کرولا گاڑیوں میں سوار چینی شہریوں کو ایک جنگلی سور پکڑ کر گاڑی میں ڈالتے ہوئے دیکھا۔ان کے مطابق انہوں نے ملزموں کو روکنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ زبردستی جنگلی سور کو گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔عائشہ خان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بنیادی طور پر وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس لیے یہ مقدمہ وائلڈ لائف حکام کی مدعیت میں درج ہونا چاہیے تھا، مگر انہوں نے اس سلسلے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے اس کے بعد اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔