Sunday, October 5, 2025
ہومبریکنگ نیوزاختر مینگل پر سفری پابندی غیرقانونی قرار، عدالت کا نو فلائی لسٹ سے نام نکالنے کا حکم

اختر مینگل پر سفری پابندی غیرقانونی قرار، عدالت کا نو فلائی لسٹ سے نام نکالنے کا حکم

کوئٹہ(آئی پی ایس )بلوچستان ہائی کورٹ نے بی این پی-مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل پر سفری پابندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کا نام نو فلائی لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر آج صبح فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنادیا گیا ہے۔

عدالت نے بلوچستان نیشنل پارٹی -مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل پر سفری پابندی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کا نام نو فلائی لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ 20 جولائی 2025 کو اختر مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں دبئی جانے سے روکنے کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے پیغام میں آگاہ کیا تھا کہ امیگریشن حکام نے وجہ بتاکر پرواز سے اتار دیا۔انہوں نے لکھا کہ آخری بار میرا نام مشرف دور میں ایسی کسی فہرست میں شامل ہوا تھا، یہ ذکر صرف سیاق و سباق سمجھنے اور موازنہ کرنے کے لیے کیا ہے۔

بعد ازاں، سردار اختر مینگل نے بلوچستان ہائیکورٹ میں حکومت کی جانب سے اپنا نام عارضی سفری پابندی کی فہرست یا پرویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں شامل کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔عدالت میں درخواست بی این پی کے وکیل ساجد ترین ایڈووکیٹ نے سردار اختر مینگل کی طرف سے دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ پر حکام نے بی این پی کے سربراہ کو دبئی جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا تھا، انہیں بتایا گیا تھا کہ ان کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔