جدہ( خالد نواز چیمہ )سعودی عرب کے 95ویں یومِ وطنی کے موقع پر کازا دیورا ہوٹلز حی نسیم اور حی روضہ میں ایک پُروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ہوٹل انتظامیہ، عملے اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سبز جھنڈوں اور روشنیوں سے سجاوٹ نے تقریب کے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔
اس موقع پر ہوٹل کے مالک چوہدری شہزاد اور پارٹنر ناصر سنگرہ نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا وطن ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی میں حصہ دار بننا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اخوت و محبت کے سنہری رشتے میں بندھے ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ محمد انیس اکرم نے کہا کہ یومِ وطنی محض ایک قومی دن نہیں بلکہ یہ اتحاد، یکجہتی اور قربانیوں کی یاد دہانی ہے۔ جنرل منیجر عبداللہ العسیری اور ڈپٹی جنرل منیجر قیوم منہاس نے بھی تقریب کے شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کازا دیورا ہوٹلز اپنے مہمانوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے ساتھ سعودی روایات اور اقدار کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔
ڈائریکٹر ایچ آر مسٹر ثامر نے کہا کہ ہوٹل کی کامیابی کا راز باصلاحیت عملے اور بہترین میزبانی میں ہے، اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر سبز و سفید کیک کاٹا گیا اور پاکستان و سعودی عرب کی لازوال دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے پرجوش نعروں کی گونج نے فضا کو گرمادیا۔
جدہ :کازا دیورا ہوٹلز میں سعودی عرب کے 95ویں یومِ وطنی کی شاندار تقریب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔