نیویارک (شاہ خالد )بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے یو ایس اے کرکٹ کی رکنیت کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ آئی سی سی بورڈ کے حالیہ اجلاس میں یو ایس اے کرکٹ کی جانب سے آئی سی سی کے آئین کے تحت ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث کیا گیا۔ ان خلاف ورزیوں میں فعال گورننس ڈھانچے کا فقدان، یو ایس اولمپک اینڈ پیرالمپک کمیٹی کے ساتھ نیشنل گورننگ باڈی کی حیثیت حاصل کرنے میں ناکامی، اور کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے اقدامات شامل ہیں۔
آئی سی سی نے واضح کیا کہ یہ معطلی کھیل کے طویل مدتی مفادات کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ تاہم، یو ایس اے کی قومی ٹیموں کو آئی سی سی ایونٹس، بشمول لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز کی تیاریوں میں شرکت کا حق برقرار رہے گا۔ قومی ٹیموں کا انتظام عارضی طور پر آئی سی سی یا اس کے نمائندوں کے زیر انتظام ہوگا تاکہ کھلاڑیوں کی حمایت اور اولمپک شمولیت کی رفتار برقرار رہے۔
آئی سی سی نارملائزیشن کمیٹی یو ایس اے کرکٹ کے لیے معطلی ختم کرنے کے تقاضوں کا تعین کرے گی، جن میں گورننس اور آپریشنز میں واضح تبدیلیاں شامل ہوں گی۔ آئی سی سی نے یو ایس اے میں کرکٹ کی ترقی اور ایتھلیٹس کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یاد رہے کہ یو ایس اے کرکٹ کو 2024 کے آئی سی سی اجلاس میں رکنیت کے معیار کی عدم تعمیل پر نوٹس جاری کیا گیا تھا، لیکن وعدوں کے باوجود ترقی نہ ہونے پر یہ سخت قدم اٹھایاگیا۔