دبئی(آئی پی ایس ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف نصف سنچری مکمل کرکے گن شاٹ کے انداز میں جشن منانے کی وجہ بتا دی۔ اتوار کو سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے ففٹی مکمل کرنے کے بعد منفرد انداز میں گن شاٹ جشن منایا تھا جس پر بھارتی سیخ پا ہوگئے تھے۔
بھارت کیخلاف نصف سنچری بنانے والے صاحبزادہ فرحان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ففٹی کا عموما جشن نہیں مناتا مگر ذہن میں آیا تو نیا انداز اپنایا۔صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ففٹی کے بعد جشن کا میرا نیا انداز تھا،لوگوں کے مطلب نکالنے کی پروا نہیں، جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں،چاہے حریف بھارت ہی کیوں نہ ہو۔
پاکستانی اوپنر کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف بھرپور تیاری ہے، فائنل میں بھارت سے میچ کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری کارکردگی سے ٹیم جیت جاتی تو زیادہ خوشی ہوتی، بھارت کے خلاف کارکردگی سے اعتماد ملا ہے، ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کیلئے پر امید ہیں۔
صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ لائن میں تبدیلی سے بیٹرز کو اعتماد ملا ہے، صائم ایوب کو بھی اعتماد حاصل ہوا۔واضح رہے کہ اتوار کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔سپر فور مرحلے میں پاکستان اپنا اگلا میچ کل سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔