کوئٹہ(سب نیوز )چمن بارڈر کے راستے افغان پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل دوبارہ شروع ہوگیا، جو ایک مہلک بم دھماکے کے بعد ایک دن کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ یہ عمل جمعرات کو اس وقت روک دیا گیا تھا، جب بارڈر ٹان میں ایک پرہجوم ٹیکسی اسٹینڈ پر واقع عارضی دکانوں کے قریب زوردار دھماکا ہوا تھا،
جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں افغان خاندان پاک-افغان سرحد پر اپنے وطن واپس جانے کے لیے موجود تھے، حکام نے فورا ہی واپسی کا عمل معطل کر دیا تھا اور خاندانوں کو ان کی حفاظت کے پیش نظر علاقے سے نکال لیا تھا۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جمعہ کو علاقے کو کلیئر کرنے کے بعد نقل و حرکت دوبارہ بحال کر دی گئی، حکام کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کو دوبارہ بارڈر کراسنگ پوائنٹ کے قریب آنے کی اجازت دینے سے پہلے پورے علاقے کو اچھی طرح چیک کیا گیا۔