دبئی(سب نیوز )پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے نکالنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے، پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ نہ ہونے کا قوی امکان ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے ایشیا کپ کے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایونٹ سے نکالنے کے مطالبے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) درمیانی راستہ تلاش کرنے میں مصروف ہے، آئی سی سی کے اعلی حکام نے تنازع کے حل کے لیے دبئی میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے۔
دبئی میں جاری اہم اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، ایشین کرکٹ کونسل کے نمائندے شریک ہیں، جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں شریک ہیں۔ہنگامی اجلاس میں نو ہینڈ شیک تنازع اور ریفری کے تبادلے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کی ہوٹل سے اسٹیڈیم روانگی روک دی گئی ہے، قومی کھلاڑیوں کو واپس اپنے کمروں میں جانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں، تاہم پاکستان ٹیم کا سامان اسٹیڈیم جانے والی بس میں رکھ دیا گیا ہے۔
قبل ازیں، ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نو ہینڈ شیک معاملے پر پاکستان ٹیم سے معافی مانگ سکتے ہیں، معافی مانگنے کی صورت میں معاملہ ختم ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان مقابلہ آج شام 7 بجے شیڈول ہے۔