جلالپور پیر والا(سب نیوز)سیلاب جہاں تباہ کاریاں پھیلا رہا ہے، وہیں ہونے والی شادیاں غمزدہ افراد کے چہروں پر خوشیاں بھی لا رہی ہیں۔بھارت کی جانب آبی دہشتگردی کرتے ہوئے پنجاب کے دریاوں میں متعدد بار سیلابی پانی چھوڑے جانے کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبے کی درجنوں اضلاع، شہر، دیہات سیلاب کی زد میں ہیں۔ متعدد افراد جان سے جا چکے اور ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
ایسے وقت میں جب سیلاب تباہی کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے اور لوگ اپنے پیاروں کی موت اور زندگی بھر کی جمع پونجی سیلاب کی نذر ہونے کے بعد بے آسرا ہو چکے ہیں۔ ایسے میں نئی زندگی کی شروعات اور شادی کی تقریبات غم کے ماحول میں خوشیوں کی کرن بن رہی ہیں۔ایسی کئی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں سیلاب کے اندر کشتی میں بارات لے جاتے اور دلہن کو رخصت کر کے اپنے گھر لاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جو پنجاب کے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ہے، جس میں دولہا کشتی میں دلہن کو رخصت کرا کے لا رہا ہے۔ اس موقع پر دونوں کے چہروں سے خوشی عیاں ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ان کا رشتہ طویل عرصہ سے طے تھا اور شادی رواں ماہ طے پائی تھی۔ تاہم سیلاب آڑے آ گیا تاہم بپھرے دریا بھی دولہا کو اپنی دلہنیا لانے کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈال سکے۔ اور وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ریسکیو کی کشتیوں میں بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچ گیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو کشتی میں دلہن روایتی سرخ عروسی لباس زب تن کیے ہوئے ہیں اور دولہا نے سفید رنگ کا شلوار قمیض اور گلے میں پھولوں کا ہار پہنا ہوا ہے۔
رخصتی کے وقت جب دولہا، دلہن اور باراتی کشتیوں میں واپسی کے لیے سوار ہوتے ہیں تو انہیں عملہ احتیاطا لائف سیونگ جیکٹس پہنا دیتا ہے۔دولہا جب اپنی دلہن کو لے کر اپنے گھر پہنچتا ہے تو وہاں پہلے سے گاوں والے اور رشتہ دار ان کے استقبال کے لیے کھڑے ہوتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین ملے جلے تاثرات کا اظہار کر رہے ہیں۔ صارفین کی اکثریت دولہا دلہن اور باراتیوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے نئی زندگی کی شروعات کرنے پر انکے لیے نیک خواہشات اور اچھے مستقبل کی دعائیں بھی دے رہی ہے۔اس کے علاوہ کمالیہ میں بھی سیلابی پانی کھڑا ہونے کے باوجود نوجوان شہزاد اپنے گھر والوں کے ساتھ کشتی پر سوار ہو کر سسرال پہنچ گیا اور سادگی سے نکاح کرنے کے بعد دلہن کو بیاہ کر گھر لے آیا۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے پنجاب کے ہی علاقے عارف والا میں ایک بارات دولہا سمیت سیلابی پانی میں پھنس گئی تھی، جس کو ریسکیو 1122 نے بحفاظت منزل مقصود سسرال تک پہنچایا۔
سیلاب بھی رکاوٹ نہ بن سکا، دولہا کشتی میں دلہن لے آیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
