Wednesday, September 10, 2025
ہومتازہ ترینملک کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل خاتمہ کرنا ہمارا اولین فرض ہے، وزیراعظم

ملک کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل خاتمہ کرنا ہمارا اولین فرض ہے، وزیراعظم


اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر کچھ لوگ اداروں اور شہدا کی تضحیک کررہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور ملک کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنے کا مکمل خاتمہ کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر میجر عدنان اسلم بنوں میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتےہوئے شہید ہوئے، گزشتہ روز جی ایچ کیو میں ان کی نماز جنازہ میں کل ہم شریک ہوئے، سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ کے دوران ہماری شہید کے خاندان کے افراد سے ملاقات ہوئی، ان کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے نے شہادت دی ہے جس پر مجھے بہت فخر ہے، ان کے سسر بھی وہاں موجود تھے انہوں نے کہا کہ میرے داماد نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہید کی بہنوں نے مجھے بتایا کہ ہم ایک بہت دلیر بھائی کی بہنیں ہیں، ہمارے بھائی نہیں عظیم راہ میں قربانی دی ہے اور ہم بھی اسی راہ میں قربانی دیں گے، یہ وہ جذبہ ہے جس کی ایک مثال میں نے یہاں پیش کی ہے،۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف میجر عدنان نہیں بلکہ کئی سپائی، لانس نائیک، میجر، کرنل سمیت دیگر نے اپنی قربانیوں سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، وہ پاکستان کے دشمنوں سے لڑرہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ جو معرکہ ہوا جس میں میجر عدنان نے اپنی جان کی قربانی دی، جو توپ اور بندوق کے آگے کھڑا ہوتا ہے اس کی کیفیت کو کوئی نہیں جان سکتا اور اس کے نتیجے میں ہم نہ صرف اپنی افواج پاکستان کے شکرگزار ہیں بلکہ ان قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ملک کے اندر زہریلا پروپیگنڈا کررہے ہیں اور سوشل میڈیا پر شہدا کی قربانیوں اور اداروں کی تضحیک کررہے ہیں، اس کی جتنی سخت الفاظ میں مذمت کی جائے وہ ناکافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی جذبہ ہے جو پاکستان کو خوارج سے نجات دلانے کے لیے ضروری ہے، وہ اپنے ماں باپ اور بچوں کو یہ بتاکر جاتے ہیں کہ ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے جارہے ہیں تو ان کی بیویوں اور بچوں کی کیفیت کو سمجھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا آج فرض اولین ہے کہ ہم اس ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے فتنہ کا مکمل طور پر خاتمہ کریں، چاہے وہ ملک میں ہوں یا پھر سوشل میڈیا پر بیرون ملک بیٹھے آپریٹ کررہے ہیں، ان کی شناخت کریں، نفرت کارڈ ناقابل قبول ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔