اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی فیسوں اور سکیورٹیز میں اضافے سے متعلق نئے قواعد کو معطل کر دیا ہے، اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ رولز 2025 کے تحت نافذ کئے گئے عدالتی فیسوں میں اضافے کے قواعد کو معطل کر دیا گیا ہے اور اب عدالتی فیسیں صرف سپریم کورٹ رولز 1980 کے تحت ہی واجب الادا ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 1980 کے قواعد کے مطابق ہی عدالتی فیسوں اور سکیورٹیز کے پرانے نرخ بحال کر دیئے گئے ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس میں عدالتی فیسوں اور سکیورٹیز میں اضافے کے رولز کو معطل کیا گیا تھا۔
قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے وکلاء اور سائلین کو وقتی طور پر ریلیف حاصل ہوگا، جبکہ عدالتی اصلاحات سے متعلق مستقبل میں مزید مشاورت متوقع ہے۔