Wednesday, September 10, 2025
ہومبریکنگ نیوزوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین کے وارنٹ گرفتاری جاری

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین کے وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد:
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ دوران سماعت عدالت میں ان کی جانب سے کوئی نمائندہ ابتدائی طور پر موجود نہیں تھا۔

بعد ازاں سماعت کے دوران گنڈا پور کے وکیل راجا ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعا کی۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سر آپ نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، اگر ملزم پیش ہو تو آپ وارنٹ منسوخ کر دیں۔ جج مبشر حسن چشتی نے ریمارکس دیے کہ آپ ملزم پیش کریں، میں وارنٹ منسوخ کر دوں گا۔

وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اب تو میڈیا پر خبر چل گئی ہے، موکل کی سبکی ہو چکی ہے۔ عدالت نے جواب دیا کہ میں میڈیا کو کیا کہہ سکتا ہوں؟ اگر آپ کا کوئی جونیئر بھی آ کر تاریخ لے لیتا تو میں کیس رکھ لیتا۔

عدالت نے گنڈا پور کے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ کیس کی آئندہ سماعت 17 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ یہ مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج کیا گیا تھا، جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو نامزد کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔