کراچی (آئی پی ایس) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے والے شہریوں کی گاڑیاں بند کر دیں گے، ان کا چالان بھی ہوگا، حراست میں بھی لیا جاسکتا ہے۔
بارش اور سیلابی صورت حال کے دوران ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر کا دورہ کیا اور پولیس کے جوانوں کی جانب سے شہریوں کی مدد کرنے کو سراہا۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارش کے دوران شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ واضح کیا جاتا ہے کہ جو شہری بند کی گئی سڑکوں یا ڈائیورٹ کیے گئے راستوں کا غیر ضروری طورپر استعمال کرتے ہوئے پائے گئے، ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا یا انہیں حراست میں بھی لیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، کراچی پولیس ہر لمحہ آپ کی خدمت اور حفاظت کے لیے موجود ہے، تاہم شہری بھی تعاون کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے مسلسل بارش کے باعث کراچی کے مضافاتی علاقوں میں سیلاب کی صورت حال ہے، سڑکیں پانی میں ڈوب چکی ہیں، سیکڑوں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کی جانب سے بھی شہریوں سے بارش کے دوران غیر ضروری طور پر سفر کرنے یا گھر سے باہر نہ نکلنے کی اپیل بھی کی جاچکی ہے، تاہم پہلی بار کراچی پولیس نے شہریوں کو حراست میں لینے کا انتباہ جاری کیا ہے، جو حیران کن ہے۔