Wednesday, September 10, 2025
ہومتازہ ترینسعودیہ اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، سعودی ولی عہد کا امیر قطر کو ٹیلی فون

سعودیہ اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، سعودی ولی عہد کا امیر قطر کو ٹیلی فون

ریاض(سب نیوز) سعودی عرب نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکومت نے کہا ہے کہ مملکت اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کے ساتھ برادر ملک قطر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سعودی عرب نے خبردار کیا کہ اسرائیلی کی جانب سے مسلسل جرائم کے ارتکاب اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جارحیت کی مذمت کرے اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد نے قطر پر اسرائیلی حملے کو مجرمانہ فعل اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت قطر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے برادر ملک کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ میں اس کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیل فوج نے آج قطری دار الحکومت دوحہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر کو نشانہ بنایا۔عرب میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے وقت دفتر میں حماس کی اعلی قیادت موجود تھی جو غزہ جنگ بندی معاہدے پر غور کررہی تھی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔