پشاور(سب نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے محکمہ خوراک کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ سیلاب آتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف آپریشنز بھی ہوتے ہیں ایسے میں عوام کو خوراک فرہم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابرسلیم سواتی نے اجلاس کے دوران محکمہ خوراک کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا محکمہ صرف گندم اور آٹے کی خریداری کے لیے بیٹھا ہے، فوڈ گرین کے لیے محکمہ خوراک کیا کر رہا ہے۔صوبائی وزیر خوراک نے اسپیکر کے سوال پر کہا کہ ہمارے پاس صرف گندم ذخیرہ کرنے کے گودام ہیں۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے کہا کہ سیلاب آتے ہیں، دہشت گردی کیخلاف آپریشنز ہوتے ہیں، عوام کو خوراک دینے کے لیے کیا انتظامات ہیں، بھارت کے خلاف جنگ ہوجاتی ہے اور بارشوں کا پھر امکان ہے، محکمہ خوراک کا کیا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب 70فیصد پانی میں ڈوبا ہوا ہے کیا ہم سیلاب سے متاثرہ گندم خریدیں گے۔بعد ازاں خیبر پختونخوا اسمبلی نے گندم اور آٹے کی نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
صوبائی اسمبلی میں مشترکہ قرارداد پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی)کے رکن احمد کنڈی نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ گندم اور آٹے پر پابندی آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب گندم اور آٹے کی نقل و حرکت پر پابندی نرم کرے۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنی ہی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھادیے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔