اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکس دہندگان کو کاروبار دوست ماحول دینے اور ٹیکس چوروں کو پکڑنے کا حکم دیدیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحات کیحوالے سے جائزہ اجلاس میں ٹیکس دہندگان کی پزیرائی کے لئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دہندگان کی ڈائریکٹری جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے لیے کاروبار دوست ماحول اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس چوروں کو پکڑنے کا حکم دیدیا۔
اجلاس سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والے ذمہ دار شہری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں ۔ ان کی پزیرائی اور ٹیکس چوروں کی سرزنش ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے مفید ثابت ہو گی ۔ ٹیکس چوروں کی شناخت اور ان سے محصولات کی وصولی کے لیے پروفیشنلز کی خدمات لی جائیں ۔ اس مقصد کیلئے نا صرف ایف بی آر میں موجود افرادی قوت بلکہ نجی شعبے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں ۔
ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کے حوالے سے عوام کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے ۔ کسٹم کلیئرنس میں مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے تھرڈ پارٹی جائزے کے لئے بہترین بیرون ملک آڈیٹرز کا انتخاب کیا جائے ۔ تھرڈ پارٹی جائزے سے سسٹم کے اندر خامیوں کی نشاندہی اور اس کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مس ڈیکلیریشن اور انڈر انوائسنگ کے تھرڈ پارٹی جائزہ کے لئے ایک سائنٹفک آڈٹنگ نظام ترتیب دیا گیا ہے۔ اس جائزے سے مرتب شدہ نتائج کو رسک مینیجمنٹ سسٹم میں بہتری کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا ٹیکس دہندگان کو کاروبار دوست ماحول دینے اور ٹیکس چوروں کو پکڑنے کا حکم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔