Wednesday, September 10, 2025
ہومپاکستانحکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور بڑی شرط پوری کر دی،گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ اور درآمدات کو ریگولیٹ کرنے کا بل کمیٹی سے منظور

حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور بڑی شرط پوری کر دی،گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ اور درآمدات کو ریگولیٹ کرنے کا بل کمیٹی سے منظور

اسلام آباد (سب نیوز)حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور بڑی شرط پوری کر دی، موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈیویلپمنٹ بل 2025قائمہ کمیٹی سے منظور کرلیا گیا،پاکستان میں آٹو موبائل مارکیٹ کا حجم 600ارب سے تجاوز کرگیا۔
بل کے مطابق گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ اور درآمدات کو ریگولیٹ کیا جائے گا، کار مینوفیکچرز کو سیفٹی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا، درآمدی گاڑیوں پرسیفٹی اسٹینڈرز پرعمل درآمد کرایا جائے گا۔وزارت صنعت حکام کے مطابق سیفٹی قوانین پرعمل آئی ایم ایف کا بینچ مارک ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق قانون جلد نافذ کیا جائے گا، قوانین کی خلاف ورزری پر 20 لاکھ جرمانہ، 3 سال قید کی سزا تجویز کیا گیا ہے۔
اون منی، زائد قیمت سمیت صارفین کا استحصال روکا جائے گا، بل کی منظوری کا مقصد انسانی جانوں کا ضیاع روکنا ہے، بیرون ملک سے گاڑی درآمد کرنے سے پہلے معیار چیک کیا جائے گا۔کمیٹی اجلاس میں غیر معیاری گاڑیوں کیخلاف ارکان پارلیمنٹ نے شکایات کے انبار لگا دیئے، گاڑیوں میں ایئر بیگ سمیت بنیادی سیفٹی فیچرز کا فقدان تشویشناک قرار دیدیا گیا۔
وزارت صنعت حکام نے کہا کہ ملک میں 107 مینوفیکچرز اور اسملبرز کام کر رہے ہیں، پاکستان میں سالانہ اوسطا 18 لاکھ گاڑیاں تیار ہو رہی ہیں، حکومت پاکستان اب تک 17 ریگولیشنز اختیار کر چکی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔