اسلام آباد:پاکستان اور قازقستان نے سیاسی و اقتصادی تعلقات مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یہ عزم اسلام آباد میں پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور قازقستان کے ڈپٹی وزیراعظم مرات نرتلیو کی ملاقات میں کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں رابطوں کو فروغ دینے اور آئندہ قازق صدر کے نومبر میں متوقع دورۂ پاکستان سے قبل قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نرتلیو 2 روزہ سرکاری دورے پر گزشتہ روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ان کا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا جس میں ایڈیشنل سیکریٹری مغربی ایشیا سید علی اسد گیلانی اور دیگر سینیئر حکومتی عہدیداران بھی موجود تھے۔
مراد نرتلیو کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران دو طرفہ مذاکرات، اقتصادی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئیں گے۔
پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلقات میں حالیہ برسوں میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور اس دورے کو باہمی تعلقات کو مزید گہرائی فراہم کرنے کا موقع سمجھا جا رہا ہے۔