قصور: بھارت کی آبی جارحیت، دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا۔
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ بڑھنے لگا، 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک کا ریلا گزرنے سے متعدد دیہات زیر آب آگئے، دریائے چناب نے ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں تباہی مچادی، 100 سے زائد بستیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں، ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری رہا۔
متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد نقل مکانی کر گئے، سیلابی پانی شہر کے بند تک پہنچ گیا، ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا، شہر کو بچانے کیلئے وہاڑی پل بند کو توڑ دیا گیا، آئندہ 12 گھنٹے انتہائی اہم قرار دے دیئے گئے، مساجد میں اعلانات کئے گئے شہری علاقہ فوری خالی کردیں۔
دریائے چناب کے منہ زور ریلوں سے لیاقت پور میں بھی 35 دیہات ڈوب گئے، جلال پور پیر والا میں تیز بارش ہوئی، سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، عارف والا دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال برقرار رہی۔
ٹبی لال بیگ کے قریب سیلاب متاثرین نے سڑک پر کٹ لگا دیا، ریلا تیزی سے عارف والا بہاولنگر روڈ کی طرف بڑھنے لگا، جلالپور پیر والا کے قریب سیلابی پانی میں 4 افراد ڈوب گئے، 16 سالہ لڑکے اور 15 سالہ لڑکی کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ڈوبنے والے دیگر دو کی تلاش جاری رہی، ترنڈہ محمد پناہ میں ریسکیو آپریشن کے دوران کشتی الٹ گئی، 2 خواتین دم توڑ گئیں، 4 بچے لاپتہ ہوگئے۔