غزہ کے محصور فلسطینیوں کےلیے امداد لے جانے والے فلوٹیلا میں شامل ایک کشتی پر مبینہ ڈرون حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کشتی میں آگ بھڑک اٹھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ شمالی افریقہ کے ساحلی علاقے میں پیش آیا جہاں پرتگالی پرچم بردار امدادی کشتی کو نشانہ بنایا گیا۔
امدادی قافلے میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 350 انسانی حقوق کے کارکن اور رضاکار شامل تھے، جن میں معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی موجود تھیں۔ فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق حملہ خاص طور پر اُن کی مرکزی کشتی پر کیا گیا جس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین سوار تھے۔ خوش قسمتی سے عملہ اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
تنظیم نے ڈرون حملے کے بعد کشتی کو پہنچنے والے نقصان کی ویڈیو بھی جاری کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو امداد پہنچانے کی اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ 31 اگست کو اسپین کے شہر بارسلونا کی بندرگاہ سے غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر یہ فلوٹیلا روانہ ہوا تھا۔ سمندری راستے سے امداد پہنچانے کی یہ تیسری اور اب تک کی سب سے بڑی کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
اس سے قبل جولائی میں اسرائیلی فوج نے اٹلی سے غزہ جانے والی امدادی کشتی حنظلہ پر حملہ کرکے اُسے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق تازہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب امدادی جہاز غزہ کے ساحل سے تقریباً 70 ناٹیکل میل دور تھا۔