اسلام آباد(سب نیوز)امریکا کی معدنیات نکالنے والی تین معروف فرمز کے اعلی سطح وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، یہاں موجود سونا، تانبہ اور دیگر نایاب معدنیات نکالنے سے متعلق وزیراعظم اور آرمی چیف کی موجودگی میں حکومت اور امریکی فرمز کے درمیان دو ایم او یو سائن ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق معدنیات، کان کنی اور انفرااسٹرکچر سیکٹر کی معروف عالمی کمپنیوں یونائیٹڈ اسٹیس، اسٹریٹجک میٹلز اور موٹہ اینگل کے اراکین پر مشتمل ایک اعلی سطح امریکی وفد نے 7 سے 9 ستمبر تک پاکستان میں کان کنی کے آپریشنز کو وسعت دینے کے مواقع تلاش کرنے اور معدنی وسائل اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معاونت اور ان کی قدر میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا۔وفد نے وزیر اعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، وزیر پٹرولیم اور وفاقی وزیر تجارت سے اعلی سطح ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر بشمول تانبے، سونا اور نایاب زمینی عناصر کے بارے میں بریفنگ دی۔
یہ دورہ پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی مدد سے ہوا جس سے اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مضبوط دوطرفہ روابط اجاگر ہوئے۔ دورہ کرنے والی کمپنیوں نے ملک کے اندر ویلیو ایڈیشن کی سہولیات کے قیام، معدنیات کی پروسیسنگ کی صلاحیت کو بڑھانے اور کان کنی کے شعبے سے منسلک بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی ترقی میں سرمایہ کاری کے لیے آمادگی ظاہر کی۔
دورے میں دونوں حکومتوں کے مابین نایاب زمینی عناصر اور لاجسٹک خدمات سمیت اہم معدنیات کی ترقی اور پروسیسنگ پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔یہ دورہ کان کنی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں میں ایک سنگ میل ہے۔
سونا، تانبہ و دیگر نایاب دھاتیں نکالنے کیلئے حکومت اور امریکی کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پر دستخط
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔