پشاور (سب نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی نے اصحاب رسول ۖ کی گستاخی میں ملوث افراد کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سواتی کی سربراہی میں ہوا، جے یو آئی (ف)کے رکن اسمبلی عدنان وزیر نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ الفاظ استعمال کرنے کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ الفاظ استعمال کرنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر غلیظ الفاظ استعمال کیے، معاملہ وفاقی حکومت، محکمہ داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کو بھیجا جائے،جب کہ اسمبلی کی جانب سے جوائنٹ انویسٹیگیشن کی جائے۔
عدنان وزیر نے مزید کہا کہ اسمبلی سیکریٹریٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ درخواست دیں، ملزم کو قانونی طور پر کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، اس حوالے سے سعودی عرب میں بھی قانونی کارروائی کی سفارش کی جائے، جس کے لیے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھنے کی ضرورت ہے۔ جے یو آئی(ف)کے رکن کا کہنا تھا کہ گستاخانہ بیان پر ہاوس کی سطح پر سخت ردعمل دینا ہوگا، وفاقی اداروں کو شامل کرکے بین الاقوامی کارروائی کی جائے اور ملزم کے خلاف ایکسٹریڈیشن یا قانونی کارروائی کی جائے کیوں کہ یہ معاملہ پوری قوم کے جذبات کا ہے، گستاخانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
بعد ازاں، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سواتی نے کہا کہ اس معاملے پر جوائنٹ قرارداد لائی جائے، صوبائی وزیر قانون نے جوائنٹ قرارداد لانے کی حمایت کردی۔اسپیکر صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ اہم نوعیت کا مسئلہ ہے، کروڑوں مسلمانوں کے جذبات اس معاملہ سے جڑے ہیں اس پر متفقہ قراداد پیش کی جائے۔بعد ازاں، جمعیت علما اسلام (ف)کے رکن اسمبلی محمد ریاض نے مشترکہ قرارداد پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری نے سوشل میڈیا پر صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی، صحابہ کرام کی شان میں گستاخی سے تمام مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ملزم کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، بعد ازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی، گستاخ صحابہ کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کی قرارداد منظور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔