Tuesday, September 9, 2025
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کی ملاقات، اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں اور منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے یو اے ای کے سرمایہ کاروں کی ملاقات، اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں اور منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقعوں اور منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہوٹل و میزبانی انڈسٹری، کمرشل پراجیکٹس، رئیل اسٹیٹ سمیت سیاحت کے مختلف شعبوں و منصوبوں کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد شہر میں ہوٹل انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں مختلف کمرشل پراجیکٹس میں سرمایہ کاروں کے سرمائے کو محفوظ بنانے کیلئے بہترین فنانشل و آپریشنل ماڈل بھی تیار کئے گئے ہیں۔

بریفننگ دیتے مزید ہوئے بتایا گیا کہ سیاحت کے حوالے سے تھیم پارک اور کیبل کار جیسے منصوبوں کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاروں کیلئے یکساں اور سرمایہ کاری کیلئے شاندار مواقع پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات دی جا رہی ہیں تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معروف کنسلٹنسی فرمز اور کنسلٹنٹس ان منصوبوں کو قابل عمل بنانے کے لئے فیزبیلٹی پر کام کر چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں اسلام آباد میں سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ واضح رہے ملاقات کا مقصد اسلام آباد میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور شہر کی ترقی میں بین الاقوامی معیار کے منصوبوں کو قابل عمل بنانا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔