واشنگٹن (سب نیوز)امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز نے پاکستان میں اہم معدنیات کے حوالے سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او )کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکی اسٹریٹجک میٹلز (یو ایس ایس ایم )کے ایک وفد نے، جس کے ہمراہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے قائم مقام ڈپٹی چیف آف مشن زیک ہارکن رائیڈر بھی تھے، وزیرِاعظم ہاوس میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او )کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کیے۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ یہ دستخط امریکا-پاکستان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کی ایک اور مثال ہیں جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔
امریکی ریاست میزوری میں قائم یو ایس اسٹریٹجک میٹلز اہم معدنیات کی تیاری اور ری سائیکلنگ پر توجہ مرکوز کرتی ہے، جنہیں امریکی محکمہ توانائی نے جدید مینوفیکچرنگ اور توانائی کی پیداوار سے متعلق مختلف ٹیکنالوجیز کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔ایسے دوطرفہ معاہدوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نٹالی بیکر نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس طرح کے معاہدوں کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے کیونکہ اہم معدنی وسائل امریکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم مستقبل میں امریکی کمپنیوں اور پاکستان میں ان کے شراکت داروں کے درمیان معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں مزید معاہدے دیکھنے کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے رہے ہیں۔ رواں سال اپریل میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئرکی قیادت میں امریکی وفد نے ملاقات کی تھی۔اس ملاقات میں وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے موا قع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔دوران ملاقات قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کرتیہوئیامریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا تھا۔علاوہ ازیں رواں سال جولائی میں ٹرمپ انتظامیہ کی جنوبی و وسطی ایشیا کے لیے پوائنٹ پرسن میری بِشوپنگ نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے اہم معدنیات کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے، پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا تھا۔
امریکی کمپنی اور پاکستان کے درمیان معدنیات کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔