راولپنڈی(سب نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر میجر جنرل حمید محمد عبداللہ الرمیتھی کی ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر کی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی اور مشترکہ تربیتی اقدامات اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، سربراہ پاک فضائیہ نے جدید، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ فضائیہ بنانے کے ویژن پر بریفنگ دی۔ملاقات کے دوران سائبر، سپیس، اے آئی اور الیکٹرانک وارفیئر میں اپ گریڈیشن پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا، فوجی تعاون، بالخصوص تربیت اور مشترکہ آپریشنل مشقوں کے شعبوں میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔
کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر ایئر چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے پاک فضائیہ کی ٹیکنالوجی اور استعداد کار کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں اور تربیتی تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پی اے ایف کا آپریشنل فریم ورک اور جنگی نظریہ علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کیلئے انمول ہے۔
کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے کہا کہ یو اے ای فضائیہ، پاکستان میں مشترکہ تربیتی اقدامات میں حصہ لینے کے لیے بے تاب ہے۔معزز مہمان نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ایک اہم سنگ بنیاد قرار دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کی افواج نے دفاعی اور فوجی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات،علاقائی سلامتی اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔