لاہور(سب نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین نے ملاقات کی۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی موجود تھے، اس موقع پر بنگلہ دیش میں پاکستانی طلبہ کے لئے 500 نئی سکالر شپس کا اعلان کیا گیا۔محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں آج بھی بنگلہ دیشی بھائیوں کی محبت موجزن ہے، ایم ایم عالم کو آج بھی پاکستانی قوم اپنا ہیرو سمجھتی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی باہمی قربت بڑھانے کیلئے بہترین وقت ہے، بنگلہ دیش اپنے عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے تیزی سے ابھر کر سامنے آیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بنگلہ دیش کی گارمنٹس، مائیکروفنانس اور خواتین کی شمولیت میں کامیابیوں کو سراہا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کا رشتہ سرحدوں سے بالاتر نسل در نسل بھائی چارے پر مشتمل ہے، تجارت اور براہ راست رابطے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوامی تعلقات کو مزید تقویت بخشیں گے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب بنگلہ دیش کے ساتھ گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، پنجاب اور بنگلہ دیش کے مابین فلڈ مینجمنٹ اور زرعی پائیداری میں بھی شراکت داری کا خیر مقدم کریں گے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ خطے میں امن، خوشحالی کے لئے پاک-بنگلہ دوستی کو دیرپا شراکت داری میں بدلیں گے۔
بنگلہ دیشی ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام ایٹمی دھماکہ کرنے پر محمد نواز شریف کو بڑے ہیرو کے طور پر دیکھتے ہیں، محمد نواز شریف آج بھی بنگلہ دیشی عوام کے دل میں خوشبو کی طرح بستے ہیں۔بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش کی نئی نسل کے دلوں میں محمد نواز شریف کیلئے بہت عزت و احترام ہے، وزیر اعلی مریم نواز شریف کی عوامی خدمات اور سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بنگلہ دیشی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کی خاطر محمد نواز شریف اور ان کے خاندان کی خدمات کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ڈاکٹر خالد حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش ہرسطح پر پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے، اپنے ملک کو تاریکی سے روشنی کی طرف لائے ہیں، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی تقریروں کو بہت عرصے سے فالو کر رہا ہوں۔
نواز شریف، مریم نواز سے بنگلہ دیش کے مشیر مذہبی امور کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔