Monday, September 8, 2025
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم کی زیر صدارت سیلابی صورتحال پر اجلاس، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی زیر صدارت سیلابی صورتحال پر اجلاس، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت


اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و امدادی اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک بھر میں دریاؤں میں طغیانی، سیلابی ریلوں کی موجودہ صورتحال اور متاثرہ شہریوں کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔


وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے ملک میں جاری امدادی کارروائیوں کو مزید تیز کرے اور بڑھتی ہوئی طغیانی کے پیش نظر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر مکمل تیاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے کنارے آباد بستیوں اور خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی اطلاع اور بروقت انخلاء کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔


وزیراعظم نے ہدایت دی کہ لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل تیز کیا جائے جبکہ متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کے ساتھ قریبی تعاون برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔


اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب کی وجہ سے کئی مقامات پر شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا ہے جبکہ ریسکیو کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ بریفنگ میں دریائے چناب، راوی اور ستلج کے مقام پر تریمو بیراج، پنجند بیراج، ہیڈ بلوکی، ہیڈ سدھنائی، گنڈا سنگھ والا، ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام میں شدید طغیانی کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کے قافلے تسلسل کے ساتھ روانہ کیے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ آبادیوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔