اسلام آباد،: زیڈ کے بی کے وائس چیرمین محبت بن ظاہر (ایم بی زیڈ) نے صحت عامہ، تعلیم اور روزگار کی پاکستان بھر میں فراہمی کے مشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کمپنی اس وقت پچاس ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار فراہم کر چکی ہے۔
عیدمیلاد النبیﷺ اور یوم دفاع کے موقع پر ایک پروقار تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے پاکستانی قوم کو فرقہ واریت اور اقربا پروری کے خلاف یکجا ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
ایم بی زیڈ نے کہا کے رسول کریم ﷺ کی سیرت کی پیروی کر کے ہی قوم ہر طرح کے مسائل اور چیلینجز کا سامنا کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ تعالی نے ہر مسئلے کا حل قرآن مجید اور رسول کریم ﷺ کے ذریعے تمام بنی نوع انسانوں تک پہنچا دیا ہے۔ اب یہ انسانوں کا کام ہے کہ وہ اس سے کیسے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔
یوم دفاع کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج کہ جانباز اور بہادر سپوت ہر موقع پر وطن عزیز کے لیئے جانیں قربان کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے شہیدوں اور ان کے لواحقین کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری قوم کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہماری شان ہیں، سیاسی جماعتیں ہمارا سرمایہ ہیں، علماء کرام اوراساتذہ ہمارے سر کا تاج ہیں، سرکاری ملازمین ہمارا دماغ اورمیڈیا ہماری آواز ہے۔
ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملکی معیشت میں انفراسٹرکچر کی تعمیر ناگزیر ہے اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے، زیڈ کے بی نے فیصلہ کیا ہے آئندہ منصوبوں میں عوامی و کاروباری شراکت داری کو بلاسود یقینی بنایا جائے گا۔ ایم بی زیڈ نے کہا کہ ان کی کمپنی بینکوں سے قرضہ لے گی اور نہ ہی حکومتی سرمایہ کاری کو استعمال کرے گی۔
انہوں نے کہا ملک اس وقت سیلابی آفت میں مبتلا ہے۔ اس ظمن میں زیڈ کے بی حکومت پاکستان اور پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو گی اور سیلاب زدگان کی چاہے وہ کہیں بھی ہوں ہر ممکن مدد کرے گی۔
انہوں نے واضع کیا کہ ان کی کمپنی کا نہ تو کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہے اور نہ ہی وہ سیاست میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایم بی زیڈ نے میڈیا کو بتایا کہ زیڈ کے بی نورنامہ فاونڈیشن عنقریب صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی اقدام کرنے جا رہی ہے۔ فاونڈیشن کے تحت ضرورت مند لوگوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔