Monday, September 8, 2025
ہومبریکنگ نیوزتارکینِ وطن ہمارا فخر ہیں، اوورسیز مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے: چوہدری جعفر اقبال

تارکینِ وطن ہمارا فخر ہیں، اوورسیز مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے: چوہدری جعفر اقبال

سابق وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال کی بارسلونا آمد کے موقع پر واجد سہیل آف نورجمال کی جانب سے قرطبہ ریسٹورنٹ میں ایک پرتپاک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں، کاروباری شخصیات، نوجوانوں اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی

استقبالیہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ تارکینِ وطن ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے اپنی محنت اور قربانیوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان بلکہ میزبان ملک میں بھی عزت اور مقام کمایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ہمیشہ سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اس حوالے سے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے عوامی بھلائی اور قومی ترقی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، اور آج بھی پارٹی کی پالیسیوں میں اوورسیز کمیونٹی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

چوہدری جعفر اقبال نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ محنت اور دیانت داری کو اپنی زندگی کا اصول بنائیں، اپنی اقدار کو سنبھال کر رکھیں اور کمیونٹی کے ساتھ مضبوط رشتہ قائم رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوابوں کی تعمیر کے لیے کبھی کبھار ذاتی خواہشات قربان کرنا پڑتی ہیں۔ اپنی ذات سے محبت کریں، خودداری اور مثبت سوچ پر کبھی سمجھوتہ نہ کریں، اور محنت مزدوری کے ساتھ میزبان ملک کا احترام ہمیشہ لازم رکھیں۔

انہوں نے پردیس کے دکھ سکھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ یہاں پہنچنے کے لیے کتنی قربانیاں دی گئی ہیں — کسی کے والدین نے زمین بیچی، کسی نے جانور فروخت کیے اور کسی ماں نے زیور بیچا تاکہ ان کے بچے بہتر مستقبل کی تلاش میں پردیس آ سکیں۔ یہ قربانیاں کبھی نہیں بھولنی چاہئیں۔

چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ محض روزگار پر اکتفا کرنے کے بجائے دوسروں کے لیے وقت نکالنا بھی ضروری ہے۔ وقت کی قدر کو سمجھنا کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ جس طرح یورپ میں ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیم کے نظام مضبوط ہیں، ویسے ہی پاکستان میں بھی عوام ان سہولیات سے مستفید ہوں گے، اور اس مقصد کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

تقریب کے آخر میں انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ہمیشہ ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مہمانِ خصوصی کو پھول اور تحائف پیش کیے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں دعا اور شکریہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔