Monday, September 8, 2025
ہومبریکنگ نیوزانسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات برآمد

انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات برآمد


اسلام آباد:ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ملک بھر میں تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ اور خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران 7 مختلف کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کرکے 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 239 کلو منشیات برآمد کرلی گئی۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں

اے این ایف حکام نے ہتار روڈ ہری پور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 400 گرام چرس برآمد کرلی جب کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

دیگر کارروائیاں

جی ٹی روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 46.800 کلو گرام افیون،26.400 کلو گرام چرس ،2 کلو گرام آئس اور 1 کلو گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں گولڑہ موڑ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 7.200 کلو گرام چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اُدھر فیض آباد اسلام آباد میں ملزم کے قبضے سے 2.400 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ اسی طرح نیازی اڈہ لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 13.200 کلو گرام چرس اور 2.400 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔

علاوہ ازیں گرین ویلی شیخوپورہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 13.200 کلو گرام افیون ،3.600 کلو گرام چرس،280 گرام آئس اور ایک کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اُدھر نوکنڈی چاغی کے قریب زمین میں چھپائی گئی 120 کلو گرام افیون برآمد کی گئی۔

تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔