شرقپورشریف (آئی پی ایس )وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ دریا کے قریب قائم نجی سوسائٹیز سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا سیلاب زدہ علاقے کا دورہ اور صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ اڑتیس سال بعد تباہ کن سیلاب آیا ہے، انڈیا نے بغیر اطلاع کے پانی چھوڑا، تمام انتظامیہ فوج اور سول اداروں نے مل کر کام کیا ہے،پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کو جانوروں کی خوراک، ادویات اور راشن فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کررہی ہیں، صوبائی حکومت دریا کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کیلئے حکمت عملی بنارہی ہے۔رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ نجی سوسائٹیز جو دریا کے قریب بن رہی ہیں ان سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے انہیں ختم کیا جائے گا، سیلاب کی وجہ سے سبزیوں کی دستیابی کم ہوئی ہے۔وفاقی وزیر زرعی پیدوار نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مصنوعی مہنگائی کو فوری کنٹرول کریں، سیلابی پانی اترنے کے بعد نقصانات کا اندازہ لگا کر ریلیف پیکیج دیا جائے گا۔