Sunday, September 7, 2025
ہومپاکستانپنجاب سے سیلابی ریلا سندھ میں داخل، بیراجوں پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ

پنجاب سے سیلابی ریلا سندھ میں داخل، بیراجوں پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ

ملتان (سب نیوز)پنجاب سے آنے والے سیلابی ریلے سندھ میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کے باعث دریاوں اور بیراجوں پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 94 ہزار 857 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 68 ہزار 624 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 24 ہزار 990 کیوسک رہی۔پراونشل فلڈ مانیٹرنگ سیل کے مطابق پنجند اور تریموں سمیت دیگر مقامات پر بھی پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 66 ہزار کیوسک، سکھر بیراج پر 3 لاکھ 29 ہزار کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔دریائے سندھ میں زیرو پوائنٹ پر ہوا کی تیز رفتاری کے باعث پانی میں تغیانی ہے تاہم تاریخی سکھر روہڑی پل پر بہاو معمول کے مطابق ہے، تاہم لوگوں کا انخلا جاری ہے۔ادھر، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں نیو سندھ سیکریٹریٹ میں فلڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور دریائی صورتحال پر بریفنگ لی۔

اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پنجند میں چھ لاکھ کیوسک کا بہا موجود ہے اور ہم آٹھ لاکھ کیوسک تک نمٹنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو ستمبر تک گڈو بیراج پر بہا عروج پر ہوگا۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کچے کے عوام ہم سے زیادہ تجربہ کار ہیں تاہم متاثرین کی امداد یقینی بنائی جارہی ہے۔ کراچی میں بھی بارش ہوسکتی ہے اور اس حوالے سے سندھ حکومت کی تیاری مکمل ہے۔اس سے قبل سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ 15 اضلاع کی 166 یونین کونسلز سے اب تک ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید چھ ہزار سے زائد افراد اور تقریبا 10 ہزار مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور سندھ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ، وزیر آبپاشی جام خان شورو اور سندھ حکومت کے ترجمان مخدوم فخر الزمان نے ضلع مٹیاری کا دورہ کیا اور بھانوٹھ بند کا معائنہ کیا۔ وزرا نے سیلابی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔محکمہ آبپاشی اور مقامی انتظامیہ نے وزرا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔