Sunday, September 7, 2025
ہومپاکستانسپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کا آغاز کل سے،صبح جوڈیشل کانفرنس ہو گی

سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کا آغاز کل سے،صبح جوڈیشل کانفرنس ہو گی

اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ میں نئے عدالتی سال کا پیر سے باضابطہ آغاز ہوگا ۔ صبح ساڑھے 9بجے جوڈیشل کانفرنس ہو گی۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نوتعمیر شدہ سہولت سینٹر کا افتتاح کریں گے ۔سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوگی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ سپر ٹیکس سے متعلق 1250 درخواستوں پر سماعت ہوگی۔

دن ایک بجے انتظامی امور پر چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوگا۔ جس میں سپریم کورٹ رولز پر بار کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ نئے عدالتی سال کے پہلے ہفتے پرنسپل سیٹ پر 9 بینچ سماعت کریں گے۔بینچ ایک میں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ جبکہ 9 ستمبر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ دو رکنی بینچ نمبر دو کی سربراہی جسٹس منصور علی شاہ کریں گے، 10 ستمبر کو جسٹس منصور کی سربراہی میں چار رکنی بینچ مقدمات سنے گا۔

بینچ تین میں جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ دو رکنی بنچ نمبر 4 کی سربراہی جسٹس عائشہ ملک کریں گی ۔ 3 رکنی بینچ نمبر 5 کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ ہوں گے۔ بینچ نمبر 6 جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس ملک شہزاد پر مشتمل ہے، بینچ نمبر 7 میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی شامل، 3 رکنی بینچ نمبر 8 جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں سماعت کرے گا۔ بینچ نمبر 9 جسٹس شکیل احمد اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔