اسلام آباد(سب نیوز)ک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 4 ارب ڈالر سے زائد کے تاریخی زرعی معاہدے طے پا گئے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی موجودگی میں 4 ارب ڈالر سے زائد کے تاریخی زرعی معاہدوں پر دستخط کردیے، وفاقی وزیر رانا تنویر نے پاک چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کو سنگ میل قرار دیا ہے۔
رانا تنویر حسین نے بتایا کہ کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی شعبے کی 24 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر اتفاق رائے کیا گیا جن میں زرعی مشینری، بیج سازی اور جدید اسمارٹ ایگریکلچر کے فروغ کے منصوبے شامل ہیں۔رانا تنویر کا کہنا تھا کہ جی ڈی ایس پی، سانگیانگ اور جِنگ ہواسیڈ جیسی نمایاں کمپنیوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، پریسیژن ایگریکلچر کے ذریعے ڈیٹا پر مبنی پیداوار میں انقلابی اضافہ ممکن ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ زرعی تعاون پاکستان کے غذائی تحفظ اور برآمدی صلاحیت کو دگنا کرے گا، چین کی 215 ارب ڈالر زرعی درآمدات میں پاکستان کیلئے بڑے مواقع ہیں، پاکستان کم قیمت پر زرعی اجناس فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔رانا تنویر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں زرعی صنعتی پالیسیوں نے پاک چین تعاون کو نئی سمت دی، پاک چین زرعی تعاون طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد رکھتا ہے۔