لاہور (سب نیوز)سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے پنجاب میں 56 افراد جاں بحق اور 42 لاکھ سے زائد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 4155 موضع جات متاثر ہوئے ہیں اور 14 لاکھ 96 ہزار ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ان کے مطابق دریائے چناب کے 1957، دریائے راوی کے 1477 اور دریائے ستلج کے 625 موضع جات زیرِ آب آئے ہیں۔ دریائے سندھ میں بھی 96 موضع جات متاثر ہوئے جہاں دو لاکھ 44 ہزار افراد مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 22لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 16 لاکھ مویشی بھی بچا لیے گئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں ایک ہزار سے زائد فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویلز قائم ہیں اور ماں بچہ وینز بھی موجود ہیں۔سینیئر وزیر کے مطابق 500 سے زائد ویٹرنری میڈیکل کیمپس مویشیوں کے علاج کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ متاثرین کو خوراک، صاف پانی اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وبائی امراض سے بچا کے لیے مسلسل اسپرے جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب نے اس سے بڑا سیلاب پہلے کبھی نہیں دیکھا اور نہ ہی اس نوعیت کا بڑا ریسکیو و ریلیف آپریشن پہلے کبھی ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کے بہاو کے مطابق حکمت عملی مسلسل بدلی جا رہی ہے اور زیادہ متاثرہ شہروں میں عملہ اور مشینری تعینات ہے۔