غزہ (آئی پی ایس) اسرائیل کےہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 62 فلسطینی شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے ہفتے کو غزہ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں درجنوں فلسطینی خاندان مقیم تھے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں امداد کے متلاشی افراد کو بھی نشانہ بنایا۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ میں ہفتے کو اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 62 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 16 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں24 گھنٹوں میں بھوک کی شدت سے مزید 6 فلسطینی انتقال کر گئے۔
دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں اور فوجی گاڑیوں کے اجتماع کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں کم از کم 64،368 افراد شہید اور 162،367 زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 20 ہزار بچے شہید ہوچکے ہیں ، شہید ہونے والے بچوں میں سے کم از کم ایک ہزار بچے ایک سال سے کم عمر کے تھے اور ان میں سے تقریباً نصف وہ بچے تھے جو حالیہ جنگ کے دوران پیدا ہوئے اور اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں مارے گئے۔