Saturday, September 6, 2025
ہومبریکنگ نیوزاسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو سخت اقدامات کیے جائیں گے، ٹرمپ کی حماس کو وارننگ

اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو سخت اقدامات کیے جائیں گے، ٹرمپ کی حماس کو وارننگ

واشنگٹن ( آئی پی ایس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حماس سے سنجیدہ بات چیت کررہے ہیں، اب انہیں تمام یرغمالیوں کو ایک ہی بار رہا کرنا پڑے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حماس کے پاس اسرائیل کے 20 یرغمالی موجود ہیں، حال ہی میں کچھ ایسی خبریں سامنے آئیں کہ کچھ یرغمالی ہلاک ہوچکے ہیں، امید ہے کہ یہ خبر غلط ہو۔

یاد رہے حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی ایک تازہ ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہیں محفوظ حالت میں دکھایا گیا تھا۔ ان یرغمالیوں میں سے ایک گائے گلبوا-دلال ہے، جبکہ دوسرے کا نام علون اوہیل ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر نے بھارت کی جانب سے روس سے تیل کی خریداری کو مایوس کن قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت کے مسلسل روسی تیل خریدنے پر ٹیرف دگنا کردیا ہے اور بھارت پر 50 فیصد بڑا ٹیرف لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت اور طاقت کے زور پر ہم نے دنیا میں 7 جنگیں رکوائیں، امریکا اوربھارت کے ایک دوسرے سے خاص تعلقات ہیں، پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔