Tuesday, September 9, 2025
ہومپاکستانبلاول بھٹو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کے معترف، محنتی قرار دیدیا

بلاول بھٹو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کے معترف، محنتی قرار دیدیا

قصور(سب نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں میں وفاقی حکومت کو کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز محنت کر رہی ہیں۔
قصور میں سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو قصور میں قائم کیے گئے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، پنجاب میں سیلاب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ میڈیا سے جو دکھایا جارہا تھا اس سے اندازہ ہورہا تھا لیکن اب میں سمجھتا ہوں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، وفاقی حکومت کو بھی سب سے زیادہ کردار ادا کرنا چاہیے، پچھلی حکومت میں بھی جب سیلاب آیا تھا اس وقت امداد کی گئی تھی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب بہت محنت کررہی ہیں یہ ماننا چاہیے، قدرتی آفت کے وقت جو لوگ زیادہ محنت کرتے ہیں ان پر زیادہ تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی جماعت کو ہدایت کی ہے پنجاب میں ریلیف کے لیے زیادہ کام کرنا ہے، یہ صوبائی حکومت کے تنہا بس کی بات نہیں ہے کہ وہ اکیلا اس آفت کا مقابلہ کرسکے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے درخواست ہے بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سیلاب متاثرین کی امداد کی جائے، پنجاب میں کسان کا زیادہ نقصان ہوا ہے، زرعی نقصان ہوا ہے، ریلیف کے مرحلے میں وزیراعظم اور صوبائی حکومت سے اپیل کریں گے کہ زرعی ایمر جنسی لگائی جائے اور زرعی ایمر جنسی میں بیج اور کھاد میں کسانوں کی مدد کی جائے۔ کسانوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آپ کے مطالبات پر وزیراعظم سے درخواست کروں گا، قرض اور بجلی کی مد میں متاثرین کی مدد کریں، امید کرتا ہوں وزیراعظم ضرور کسانوں کی مدد کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ گھروں اور کاروبار کے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے، وفاقی حکومت کی سپورٹ سے ہم سندھ میں 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، ہماری کوشش ہوگی بے نظیر ایکم سپورٹ کے ذریعے متاثرہ علاقوں کی ترجیحی بنیاد پر امداد ہو۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت پنجاب زیادہ متاثر ہوئی ہے اس سے پہلے خیبرپختونخوااور گلگت بلتستان بھی متاثر ہوا ہے، وفاقی حکومت کو سب علاقوں کی امداد کرنا ہوگی، امید کرتا ہوں اس آفت کے وقت کوئی سیاسی اقدام نہیں کریں گے سب مل کر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ یہ سیلاب بھارت سے آنے والے دریا سے آیا ہے، سندھ طاس معاہدہ موجود ہے، مودی سرکار نے اعلان کیا کہ سندھ طاس معاہدے کو نہیں مانتے، سندھ طاس کے تحت دریاوں کے بہا کا ڈیٹا شیئر کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ بھارت انسانیت کو بھی بھول گیا ہے، انفارمیشن پاکستان سے شیئر نہیں کی، آخری وقت میں بتایا کہ ہم پانی چھوڑ رہے ہیں، ہم عالمی سطح پر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کو اجاگر کریں گے یا آپ کو سندھ طاس معاہدہ ماننا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دریا واپس کرنے ہوں گے، یہ پانی کے ذریعے دہشت گردی کررہے ہیں اور عام انسانوں کو شکار کررہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔