Monday, September 8, 2025
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس، جشن عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے تیاریاں و انتظامات اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس، جشن عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے تیاریاں و انتظامات اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن، ڈپٹی کمشنر آئی سی ٹی، سمیت ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جشن عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے تیاریاں و انتظامات اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کے انعقاد کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ماہ ربیع الاول کے دوران تمام مساجد کیلئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جشن عید میلاد النبی ۖ کے حوالے سے تمام سیکورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عید میلادالنبی ۖ کے مرکزی جلوس کے راستوں کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کی جائے گی۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ عید میلادالنبی ۖ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ و اسلام آباد پولیس کے سنئیر افسران تمام مسالک کے علما کرام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور عید میلادالنبی ۖ کے جلوس کے راستوں کی نگرانی، محافل سمیت تمام تر امور پر مشاورت و تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے جلوس و محافل میلاد کے شرکا سے اپیل کی کہ دوران جلوس و محافل قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور دوران جلوس و محافل کسی بھی مشکوک سرگرمی یا کسی بھی مشتبہ شخص کی اطلاع فورا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی سمیت روشنی کے مناسب انتظامات کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی ۖ کے جلوس میں شرکا کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ عید میلادالنبی ۖ کے موقع پر اسلام آباد کی تمام مساجد کے باہر صفائی ستھرائی، روشنی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے ملکر کام کریں اور عوام کی سہولت کو اولین ترجیح دیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ عید میلادالنبی ۖ کے جلوس میں داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور شہریوں کی سہولیات کے پیش نظر متبادل ٹریفک پلان تشکیل دیا جائے تاکہ شہریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جاسکیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ عید میلادالنبی ۖ کا دن ہمارے لئے نہ صرف جشن بلکہ عہد کرنے کا موقع ہے کہ ہم رسول اکرم ۖ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں رواداری، محبت اور امن کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ۖ کی تمام تقریبات انتہائی پر امن اور منظم انداز میں منعقد کی جائے تاکہ عوام الناس بھرپور طریقے سے عقیدت و محبت کا اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی سیرت طیبہ ہمیں امن، برداشت اور اخوت کا درس دیتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔