اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی اسلام آباد واٹر سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں اسلام آباد میں پانی کی بچت اور زیر زمین پانی کی سطح کو بڑھانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھانے اور بارش کے پانی کو زیر زمین دوبارہ منتقل کرنے کیلئے اسلام آباد میں مختلف مقامات پر ابتدائی طور پر 100بڑے ریچارج ایبل ویلز بنانے کا فیصلہ کیا گیا
یہ ریچارج ایبل ویلز گرین بیلٹس، اوپن سپیسز میں بنائے جائیں گے ،فارم ہاوسز سمیت اسلام آباد کے تمام گھروں میں ریچارج ایبل ویلز بنانا ضروری قرار دیدیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کی ہاوسنگ سوسائیٹیز تمام گھروں میں ریچارج ایبل ویلز کی تعمیر کو یقینی بنا کر سی ڈی اے کو رپورٹ پیش کریں، اسلام آباد کے قدرتی نالوں میں بہنے والے صاف پانی کو محفوظ بنانے کیلئے 20 بڑے واٹر ٹینک اور ریزوائرز بنانے کا فیصلہ ،ابتدائی طور پر قدرتی نالوں کے صاف پانی کو محفوظ بنانے کیلئے ابتدائی طور پر 10واٹر ٹینک بنائے جائیں گے
اجلاس میں اسلام آباد میں موجود مساجد میں وضو کے پانی کو محفوظ کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری ،مساجد میں وضو کے پانی کو محفوظ کرکے باغبانی اور تعمیراتی کاموں کیلئے استعمال کیا جاسکے گا،ہاوسنگ سوسائیٹیز میں موجود مساجد میں وضو کے پانی کو محفوظ بنانے کے نظام کو سوسائیٹیز کی انتظامیہ یقینی بنائیں گی، اسلام آباد میں نالوں سے آبی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے مختلف مقامات پر 11 ویٹ لینڈز بنائی جائیں گی، ویٹ لینڈز کے ذریعے سائینٹیفک طریقے سے آلودہ پانی کو صاف کرکے پانی کے آبی وسائل میں ڈالا جائے گا۔ اجلاس میں تمام ہاوسنگ سوسائیٹیز کیلئے بھی ویٹ لینڈز کی تعمیر ضروری قرار دینے کا فیصلہ ، ہاوسنگ سوسائیٹیز میں بنائی جانے والی ویٹ لینڈز کی نگرانی بھی سی ڈی اے کریگا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پانی کی حفاظت اور بچت کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی جائے گی۔