اسلام آباد (سب نیوز) وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا سی ڈی اے کا آرڈر معطل، اسلام آباد ہائی کورٹ نے الاٹمنٹس منسوخی پر سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے عمر رانا اور دیگر پٹیشنرز کی درخواست پر حکم امتناع جاری کیا، سی ڈی اے نے 28جولائی 2025 کو پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا آرڈر جاری کیا تھا، متاثرین سے پلاٹ خریدنے والے دس شہریوں نے الاٹمنٹ منسوخی کیخلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا ،درخواست گزاروں کی جانب سے عادل عزیز قاضی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ الاٹیز سے خریدے گئے پلاٹس ضابطے کی کارروائی کے بعد سی ڈی اے نے موجودہ پٹیشنرز کے نام ٹرانسفر کیے، اصل الاٹیز کے کسی عمل کا موجودہ خریداروں کے حقوق پر کوئی اثر نہیں ہوتا، سی ڈی اے نے اوریجنل الاٹمنٹ میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا غیر قانونی ہونے کی نشاندہی نہیں کی، سی ڈی اے اوریجنل الاٹیز یا ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے بجائے موجودہ خریداروں کو قیمتی پراپرٹی سے محروم کر رہا ہے۔
دلائل کے بعد عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی، سی ڈی اے سمیت تمام فریقین کو آئندہ سماعت سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت ۔عدالت نے حکم دیا کہ سی ڈی اے جواب کی کاپی آئندہ سماعت سے قبل درخواست گزاروں کے وکیل کو بھی فراہم کرے۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں متاثرین کو 300سے زائد پلاٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی ہے ،متاثرین کو دس سال قبل پلاٹس الاٹ کیے گئے تھے جو وہ مختلف لوگوں کو فروخت کر چکے ہیں۔