Wednesday, October 22, 2025
ہومپاکستانکون کون سی سیاسی شخصیات کس شوگر مل میں حصے دار ہیں ، تفصیلات سب نیوز پر

کون کون سی سیاسی شخصیات کس شوگر مل میں حصے دار ہیں ، تفصیلات سب نیوز پر

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں مختلف سیاسی اور دیگر معروف شخصیات شوگر ملز میں شیئرز کی مالک نکلیں، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی دستاویزات میں تفصیلات سامنے آگئیں۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی دستاویزات میں مختلف سیاسی اور معروف شخصیات کے شوگر ملوں میں شیئرز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔شوگر ملوں میں شیئرز رکھنے والوں میں حمزہ شہباز شریف، سلمان حمزہ شریف، سالک حسین، مونس الہی، ذکااشرف، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہی، میاں عامرمحمود اور خواجہ عبد الغنی مجید سمیت دیگر شامل ہیں۔ایس ای سی پی کے دستاویز کے مطابق کمیشن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی ذیلی کمیٹی کی سفارش پرڈیٹا تیار کیا۔
دستاویز کے مطابق العربیہ شوگرملز میں حمزہ شہباز اور نصرت شہبازسمیت دیگر شیئر ہولڈرز ہیں، اسی طرح رمضان شوگرملز میں حمزہ شہباز شریف، سلمان حمزہ شریف، نصرت شہباز شیئر ہولڈر ہیں۔دستاویز میں شامل تفصیلات کے مطابق پنجاب شوگر ملز کے شیئرز ہولڈرز میں چوہدری شجاعت حسین اور سالک حسین سمیت دیگر شامل ہیں۔اسی طرح آر وائی کے ملز میں مونس الہی اور مخدوم عمرشہریار سمیت دیگر شیئر ہولڈر ہیں، ٹنڈواللہ یارشوگرملز میں خواجہ عبد الغنی مجید 100 فیصدشیئرز کے مالک ہیں۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ اشرف شوگر ملز میں ذکا اشرف سمیت دیگر شیئر ہولڈر ہیں، رحیم یارخان شوگر انڈسٹری میں میاں عامر محمود سمیت دیگرکے شیئرز ہیں۔دستاویز کے مطابق مدینہ شوگرملز میں محمد رشید اور محمد مجتبی سمیت دیگر حصے دار ہیں، جبکہ فاطمہ شوگر ملزمیں عباس مختار، فیصل مختار اور فوادمختار سمیت دیگر افراد کے شیئرز ہیں۔
ایس ای سی پی کی دستاویز کے مطابق اتحاد شوگر ملز میں مخدوم ہاشم جوان بخت، مخدوم عمر شہریار سمیت دیگرکے شیئرز ہیں، جبکہ بلوچ شوگر ملز میں دوست علی مزاری اور طارق علی مزاری شیئر ہولڈر ہیں۔چوہدری شوگر ملز میں عبد العزیز عباس شریف، عبد اللہ یوسف شریف، شریف ٹرسٹ سمیت دیگر کے شیئرز ہیں، اسی طرح چیمہ شوگر ملز میں چوہدری انور علی، سردارمحمد عارف نکئی اور محمد شفیع سمیت دیگر شیئر ہولڈر ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔