Friday, October 24, 2025
ہومبریکنگ نیوزملک ریاض سمیت 10 ملزمان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ملک ریاض سمیت 10 ملزمان کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

نیب کورٹ کراچی میں ساڑھے 17 ہزار ایکڑ زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ملک ریاض سمیت 10 ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے درخواست دائر کردی۔

کراچی کی نیب کورٹ میں ساڑھے 17 ہزار ایکڑ زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت نے ملک ریاض، زین ملک، علی ریاض سمیت 10 ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی ہدایت کردی۔

عدالت نے کہا کہ مفرور ملزموں کیخلاف زیر دفعہ 87 اور 88 کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ستار اعوان نے ملزموں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے درخواست دائر کردی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں نامزد تمام ملزموں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے نیب کی درخواست پر ملزموں کو نوٹس جاری کردیئے، ملک ریاض سمیت 10 مفرور ملزموں کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے 7 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ قائم علی شاہ سمیت 4 ملزموں نے ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے، ملزموں پر سپرہائی وے کے قریب 17 ہزار ایکڑ زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔