اسلام آباد (سب نیوز )کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے “ملٹی گارڈنز” ہاؤسنگ اسکیم، سیکٹر(اے-17/بی -17)زون ٹو، اسلام آباد کے حوالے سے غیر قانونی تبدیلیوں پر سخت نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ، ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایم/ایس ملٹی پروفیشنلز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (MPCHS) نے عوامی فلاحی مقاصد کے لیے مخصوص زمین، جیسے کہ پارکس، قبرستان اور سرکاری عمارتوں کے پلاٹس، بغیر سی ڈی اے کی پیشگی منظوری کے دیگر مقاصد کے لیے غیر قانونی طور پر استعمال کیے۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسکیم کا لی آؤٹ پلان 27 ستمبر 2006 کو منظور ہوا تھا جس کے مطابق 7,673 کنال پر ترقیاتی کام 5 سال میں مکمل ہونا ضروری تھا، مگر 17 سال گزرنے کے باوجود ترقیاتی کام مکمل نہیں کیا گیا اور نہ ہی تکمیل کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا۔
سی ڈی اے کے مطابق 30 جنوری 2008 کو جاری کردہ این او سی کے تحت سوسائٹی پر لازم تھا کہ مقررہ وقت میں تمام شرائط پوری کرے، مگر ایم پی سی ایچ ایس نے ترقیاتی کام مکمل کرنے اور نظرثانی شدہ این او سی حاصل کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ عوامی سہولت کے لیے مخصوص زمین کو دیگر استعمالات میں غیر قانونی طور پر تبدیل کرنا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، جس پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
