Tuesday, September 9, 2025
ہومبریکنگ نیوزسی ڈی اے نے سی بی آر ہاؤسنگ اسکیم کا ری وائیزڈ لے آؤٹ پلان منسوخ کر دیا،دستاویز سب نیوز پر

سی ڈی اے نے سی بی آر ہاؤسنگ اسکیم کا ری وائیزڈ لے آؤٹ پلان منسوخ کر دیا،دستاویز سب نیوز پر


اسلام آباد (سب نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 26 مئی 2025ء کے حکم پر سی بی آر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ اسکیم (CBR-ECHS) فیز 1 کا ری وائیزڈ اور ایکسٹینڈڈ لے آؤٹ پلان منسوخ کر دیا ہے۔

سی ڈی اے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ 21 مارچ 2023 کو منظور کیا گیا ری وائیزڈ لے آؤٹ پلان غیر قانونی اور بغیر قانونی اختیار کے جاری کیا گیا تھا، لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔ عدالت نے مزید ہدایت کی کہ سی بی آر ای سی ایچ ایس فیز 1 کا اصل لے آؤٹ پلان، جو 24 فروری 2007 کو منظور ہوا تھا، بحال کیا جائے۔

عدالتی فیصلے میں یہ بھی حکم دیا گیا کہ کسی بھی سہولت کی زمین یا عوامی مقامات کو رہائشی یا کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور رہائشیوں کے حقوق ہر حال میں محفوظ رکھے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ری وائیزڈ و ایکسٹینڈڈ لے آؤٹ پلان فوری طور پر منسوخ کر کے پرانا لے آؤٹ پلان بحال کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں، منصوبے کی اضافی زمین پر کوئی ترقیاتی کام یا لے آؤٹ پلان غیر قانونی تصور ہوگا۔ اس حوالے سے سی بی آر ہاؤسنگ اسکیم کو 15 روز کے اندر نیا لے آؤٹ پلان جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔