Sunday, September 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزکالا باغ ڈیم کی تعمیر پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں، علی امین کا ذاتی بیان ہے، سلمان اکرم راجا

کالا باغ ڈیم کی تعمیر پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں، علی امین کا ذاتی بیان ہے، سلمان اکرم راجا

راولپنڈی(آئی پی ایس)؛
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، لیکن یہ ہرگز پارٹی پالیسی نہیں ہے۔

راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم پر تحریک انصاف کی پالیسی بالکل واضح ہے، سندھ اور خیبرپختونخوا کے تحفظات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے منصوبے جن پر 2 صوبوں کو اختلاف ہو، وہ وفاق کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک تمام فریقین متفق نہ ہوں اور سیاسی ہم آہنگی پیدا نہ ہو، اس نوعیت کے منصوبے قابلِ عمل نہیں ہوتے۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پارٹی عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کر رہی ہے، ایسے میں صدارتی نظام کی بات کرنا تحریک انصاف کی پالیسی نہیں۔ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایسا کوئی بیان دیا ہے تو میں ان سے وضاحت طلب کروں گا۔ یہ پارلیمنٹ فارم 47 کی پیداوار ہے، آئینی ترمیم کا اختیار نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام کے بجائے صدارتی نظام لانے کی بات ناقابلِ قبول ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔