کراچی(سب نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی کالاباغ ڈیم بنانے کی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کردی۔
پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کالا باغ ڈیم بنانے کی تجویز پر اہم بیان میں کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ صوبے کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرچکے ہیں، جس خیبرپختونخواہ صوبے کی اسمبلی کالاباغ ڈیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے اس صوبے کا وزیراعلی کالاباغ ڈیم کی حمایت میں بات کرکے ایوان کی توہین کر رہے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو سیاست سیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ انہیں کالاباغ ڈیم کی حمایت سے قبل سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے، علی امین گنڈاپور کو کالاباغ ڈیم کے خلاف قرارداد کی منظوری کا پتا ہی نہیں شاید اس وقت وہ سیاست میں بھی نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کالاباغ ڈیم اور صوبوں کے حامی ہیں، سندھ میں جو عمران خان کے حمایت کرنے والے ہیں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ عمران خان چاہتا ہے کہ کالا باغ ڈیم بنے مگر سندھ والے دریائے سندھ پر اور پانی پر جان دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو کسی صورت کالاباغ ڈیم قبول نہیں، کالا باغ ڈیم کی بات کرنے والوں سے یہ پوچھا جائے کہ بھاشا ڈیم پر قرضہ لیا وہ بھاشا ڈیم ابھی تک کیوں نہیں بنا، پاکستان تحریک انصاف نے اپنے تین سالہ دور میں دیا مر، مہمند ڈیم کیوں نہیں مکمل کیے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ کالاباغ ڈیم سندھ کو بنجر بنانے اور ہمیں بھوکا مارنے کا منصوبہ ہے، کالاباغ ڈیم کی حمایت کرنے سے اب پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔
کالاباغ ڈیم بنانے کی تجویز پر پیپلزپارٹی کا ردعمل بھی آگیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔